دبئی (این این آئی)مقامی ہسپتال میں ایک ایسے بھارتی تارک وطن لال تیلو رام ہرکیش کا علاج کامیابی سے آگے بڑھا ہے۔ مریض اب صحت یاب ہو چکا ہے۔ مریض کے بقول اسے دوبارہ زندگی مل گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی شہری کو ایسی بیماری کا سامنا تھا جو بہت
کم لوگوں کو لاحق ہوتی ہے۔ اب تک کے اعدادو شمار کے مطابق یہ تقریبا دس لاکھ لوگوں میں سے تین یا چار لوگوں کو ہو سکتی ہے۔لال تیلو رام ہرکیش کے علاج کے دوران لیبارٹری میں کرائے گئے مختلف قسم کے ٹیسٹوں کے بعد اس بیماری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ تھرومبوٹک تھرومبوسائیٹو فینیا پرپرا (ٹی ٹی پی)نام کی بیماری ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق یہ بیماری جسے عرف عام میں ٹی ٹی پی کہا جاتا ہے ایک طرح سے کم لاحق ہونے والی بیماری ہے۔ اس میں مبتلا ہو جانے والے فرد کے خون میں لوتھڑے بننا شروع ہو جاتے ہیں۔ یہ خون کی چھوٹی نالیوں کے ذریعے پورے جسم میں پھیل جاتے ہیں۔ خصوصا جسم کے اہم اعضا میں بھی ان کی رسائی ہو جاتی ہے اور خون کی ترسیل پر اثرانداز ہونے لگتے ہیں۔ہسپتال میں غیر معمولی عوارض اور ایمرجنسی امور کو دیکھنے کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر اشرف عبدالرحمان نے بتایاکہ اس عارضے کی وجہ سے اگر خون کی سپلائی کو زیادہ متاثر کر دیں تو دماغ، گردوں اور دل کو بھی نقصان پہنچاتے ہوئے ان اعضا کی فعالیت کو متاثر کرتے ہیں حتی کہ جان کو بھی خطرہ بھی لاحق کر سکتے ہیں۔