لاہور، نواب شاہ (این این آئی) پنجاب میں بھی بجلی کی بچت کے لیے بازار اور کاروبار رات 9بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے قبل سندھ حکومت نے مارکیٹیں اور کاروبار رات 9بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے تاجر تنظیموں
اور چیمبرز سے مشاورت مکمل کرلی ہے، حکومت کی جانب سے اگلے ہفتے سے پنجاب میں بجلی بچت پلان پر عمل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب میں بھی رات 9بجے مارکیٹیں اور کاروباری سرگرمیاں بند کردی جائیں گی، پہلے مرحلے میں یہ پابندی 2ماہ کے لیے لگائی جائے گی۔ذرائع نے کہا کہ ریسٹورنٹس بھی جلد بند کرنے کی تجویز پر غور جاری ہے۔لاہور چیمبر کے صدر نعمان کبیر کا کہنا ہے کہ قومی مفاد کے فیصلوں پر ساتھ ہیں، بچت پلان پر عمل سے بجلی اور پیٹرول کی بچت ہوگی ۔دوسری جانب نواب شاہ میں پیٹرول کی بڑھتی قیمتو ں اور مہنگائی سے تنگ رکشہ ڈرائیوروں نے دو رکشوں کو آگ لگادی۔نواب شاہ پریس کلب کے سامنے رکشہ ڈرائیوروں نے پیٹرول اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اس دوران مظاہرین نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے کرایوں میں اضافہ کی بنا پر سواریاں نہیں مل رہی بے روزگاری کے باعث گھروں میں فاقے کی نوبت آگئی ہے،جس پر حکومت غریب عوام کی بے بسی پر اپنی مجبوریاں مسلط کررہی ہے جو قابل برداشت نہیں ۔مظاہرین نے مہنگائی کے خلاف سخت نعرے بازی کی اس دوران دو رکشہ ڈرائیوروں نے شدت جذبات میں حکومت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے دو رکشے نظر آتش کردیئے۔