اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے موجودہ حکومت کے پاس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔ٹوئٹر پر بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف
نے کہا کہ ’مجھے فیول کی قیمت میں اضافے کے اثرات کا بخوبی علم ہے لیکن ہم بہت جلد معاشی مشکلات سے باہر نکل آئیں گے۔‘شہباز شریف کے مطابق ’بہت جلد قوم کو آئی ایم ایف اور پی ٹی آئی کے درمیان معاہدے پر اعتماد میں لیا جائے گا اور تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔‘یاد رہے کہ اتحادی حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا ہے ،پیٹرول کی قیمت 24 روپے تین پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر بڑھا دی ۔گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت 24 روپے تین پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت 59 روپے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 263 روپے 31 پیسے ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل 29 روپے 61 پیسے جب کہ مٹی کا تیل 29 روپے59 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج بروز جمعرات سے ہو گا۔