کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رکن قومی اسمبلی اور معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ، نجی ٹی وی کے مطابق عامر لیاقت کے ڈرائیور جاوید کا کہنا ہے کہ گھر میں عامر لیاقت کے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا تاہم اندر سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
عامر لیاقت حسین اپنے آبائی گھر خداداد کالونی میں موجود تھے، گھر پر موجود ملازمین دروازہ کھول کر اندر گئے تو وہ بے ہوش حالت میں بستر پر موجود تھے جس کے فوری بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔عامر لیاقت کے ڈرائیور جاوید نے 15 پر عامر لیاقت کی طبیعت کے حوالے سے اطلاع دی تھی۔ملازم جاوید نے بتایا کہ گزشتہ شب عامر لیاقت نے سینے میں درد کی شکایت بھی کی تھی جس پر انہیں ہسپتال چلنے کا کہا گیا تاہم انہوں نے انکار کردیا اور پھر صبح ان کے کمرے سے چیخنے کی آواز بھی سنائی دی تھی۔دوسری جانب ہسپتال میں ڈاکٹرز نے بھی ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔عامر لیاقت حسین کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انتقال کی تصدیق کی۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو جب ہسپتال لایا گیا تو وہ انتقال کر چکے تھے، عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔دریں اثنا چھیپا ویلفیئر کے بانی رمضان چھیپا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین نے اپنے کفن دفن کی مجھے وصیّت کی تھی۔