ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں دن رات لگاتار لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تیز ، عوام رل گئے
اسلام آباد (این این آئی)ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں دن رات لگاتار لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تیز ہوگیا ، بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 200 میگاواٹ ہوگیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 14گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، شدید گرمی سے پریشان عوام نے لوڈ شیڈنگ میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دس گھنٹے سے زائد بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے،
لیسکو نے بازار اور مارکیٹیں سرِشام بند کرانے کی تجویز دے دی ہے،ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں بھی 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تیز ہوگیا ،
دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 سے16 گھنٹے پہنچ گیا ۔ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے،
بجلی کی بندش سے گھروں میں خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا، کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئی ہیں اور اکثر علاقوں میں پینے کے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔