لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے فوکل پرسن برائے فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت مہنگائی 8سے9فیصد پر چھوڑ کر گئی تاہم نام نہادتجربہ کار وں کی پالیسیوں سے یہ 30فیصد کی حد کو چھو نے جارہی ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالوںمیں 20کلو آٹے کا 326 روپے جبکہ امپورٹڈحکومت کے حالیہ دو ماہ میں422روپے مہنگا ہوا۔گزشتہ ساڑھے تین سالوںمیں کوکنگ آئل 213روپے،صرف دو ماہ میں199روپے ،ہمارے دور میں پیٹرول اور ڈیزل بالترتیب56.95اور50.79 جبکہ عوام کے لئے دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعویداروں کے صرف دو ماہ میںپیٹرول اور ڈیزل 60روپے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ انہوں نے کہا کہتحریک انصاف کے ساڑھے تین سالوںمیں بجلی6روپے یونٹجبکہ امپورٹڈ حکومت کے صرف دو ماہ میں10روپے فی یونٹ مہنگاہوا، حالیہ دو ماہ میں پھل اورسبزیوں کی قیمتوںمیں 27فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا جبکہ پی ٹی آئی کے دور میں صرف 3فیصد اضافہ ہوا۔انہوںنے کہا کہ نام نہاد تجربہ کاروں کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کے ابھی مزید آفٹر شاکس آئیں گے اور عوام کا سانس لینا بھی محال ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں لائے گئے تجربہ کار وں نے غریب کا گلہ دبا دیا ہے ۔