لاہور(این این آئی)بلدیاتی قانون میں ترمیم کیلئے قائم کی جانے والی کمیٹی میں پیپلز پارٹی کو شامل نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ 30 مئی کو قائم ہونے والی کمیٹی کی سربراہی سردار اویس لغاری کر رہے ہیں جبکہ اس میں مسلم لیگ (ن)کے ملک احمد خان، سمیع اللہ خان، معظم شیر، ذیشان رفیق اور عطا ء تارڑ شامل ہیں۔پیپلز پارٹی نے کمیٹی کیلئے علی حیدر گیلانی اور مخدوم عثمان کے نام دئیے تھے، کمیٹی نے 5 جون کو ترمیم کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ وزیراعلی کو پیش کرنی ہے، کمیٹی نے آٹھ نکاتی ایجنڈے پر کام کرنا ہے۔پیپلز پارٹی نے اہم کمیٹی میں شامل نہ کرنے پر وزیراعلی آفس سے احتجاج کیا ہے جبکہ وزیراعلی آفس نے یقین دلایا ہے کہ نیا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔