ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے قدیمی گیان واپی مسجد سے برآمد ہونے شے کو ‘شیولنگ’ قرار دیدیا۔بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اکثر ہندو مسلم تنازعات میں ہندو انتہا پسندی کی جانب راغب نظر آئے ہیں، حالیہ واقعہ بنارس کی قدیم گیان واپی مسجد سے برآمد ہونے والی شے کو شیولنگ
قرار دینے کا سامنے آیا ہے۔گیان واپی مسجد سے متعلق تنازعہ پہلے ہی موضوع بحث بنا ہوا تھا کہ آگ میں گھی کا کام بالی ووڈ سپر اسٹار کے پیغام نے کیا اور تنازعے میں مزید شدت آگئی۔اکشے کمار نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد سے جو چیز برآمد ہوئی ہے اس سے متعلق حکومت یا محکمہ آثار قدیمہ ہی بہتر بتاسکتے ہیں، میں نے سب ویڈیو دیکھی ہے اور مجھے اتنا سمجھ آیا ہے کہ جو چیز برآمد ہوئی ہے وہ ‘شیولنگ’ ہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت میں انتہا پسندوں نے شہر بنارس کی قدیم گیان واپی مسجد کے سروے کے دوران وضو خانے سے ہندوئوں کے بھگوان شیو کی علامت ”شیولنگ” کی برآمدگی کا بھونڈا دعویٰ کرکے مسجد کے احاطے کو سِل کروا دیا تھا۔انتہا پسند ہندوئوں کا دعویٰ ہے کہ گیان واپی مسجد کی جگہ بھگوان شیو کا مندر تھا جسے مغل بادشاہ اورنگزیب نے توڑ کر مسجد بنائی تھی۔اس مسجد کو دوبارہ مندر بنانے کی مہم دہائیوں سے جاری ہے جس کو مودی سرکار کے دور حکومت میں تقویت ملی ہے۔