اسلام آباد(آن لائن، این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور ان کے بھائی کی حفاظتی ضمانت 10 روز کے لئے منظور کرلی ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز فواد چوہدری اور ان کے بھائی فراز چوہدری حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے، پی ٹی آئی لانگ مارچ کے تناظر میں جہلم میں درج مقدمہ میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ نے ابتدائی سماعت کرتے ہوئے فواد چوہدری اور ان کے بھائی فراز چوہدری کی دس روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے فواد چوہدری اور فراز چوہدری کو پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا عدالت نے چھٹی کے روز فواد چوھدری اور ان کے بھائی کی درخواست پر سماعت کی عدالت نے پولیس کو فواد چوہدری اور فراز چوہدری کی گرفتاری س روک دیا عدالت نے فواد چوہدری اور فراز چوہدری کو دس روز میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا، دوسری جانب پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دور ان جلائو گھیرائو،توڑ پھوڑ پر تھانہ کراچی کمپنی میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف چھٹا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔مقدمہ میں عمران خان،شاہ محمود قریشی،اسد عمر،علی نواز،فیصل جاوید،علی امین گنڈا پور،راجہ خرم نواز ،سیف اللہ نیازی،ملک رفیق،شیریں مزاری،زرتاج گل ملزمان نامزد کئے گئے ہیں ،مقدمہ میں دو سو نامعلوم افراد کو بھی ملزم ظاہر کیا گیا ۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے حکومت مخالف ریلی نکالی،نعرہ بازی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی،ملزمان کو منع کرنے پر مشتعل ہو کر پولیس سے مزاحمت کی،ملزمان نے پولیس پر پتھراؤ کیا،سرکاری و پرائیویٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کے پتھراؤ سے سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا،ایف آئی آر سب انسپکٹر سید عاصم غفار کی مدعیت میں درج کی گئی۔