لاہور( آن لائن، این این آئی ) مسلم لیگ (ق)کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ان کے پاس پنجاب اسمبلی میں (ن) لیگ سے زیادہ اکثریت ہے۔ پنجاب اسمبلی میں ہمارے پاس 172 اور (ن) لیگ کے پاس 168 ارکان ہیں اس لحاظ سے اکثریت ہمارے پاس ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر (ن) لیگ اکثریت کا دعویٰ کر رہی ہے تو حمزہ شہباز کو چیلنج کرتا ہوں اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لیں، اگر شہباز شریف سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا گیا تو چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔ مونس الٰہی نے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگ کے کئی ایم این ایز منحرف ہو چکے ہیں وہ پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں ،حکومت اپنی آئینی اور قانونی مدت پوری کرے گی،اللہ نے جومجھے ذمہ داری دی ہے کوشش ہے عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کروں۔عدالت میں پیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ہم نمبرز دکھائیں گے تو ساری چہ مگوئیاں دم توڑ جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مریم نواز سے متعلق گفتگو اس کی منفی ذہنیت کی عکاس ہے۔