لاہور(این این آئی)رواں مالی سال کے 10 ماہ کے دوران صرف اسمارٹ فونز،گاڑیوں اور خوراک کا درآمدی بل 11 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا جس کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے
موبائل فونز کی درآمد پر ٹیکس بڑھانے اور گاڑیوں کی درآمد پر ممکنہ پابندی کی تجویز سامنے آئی ہے۔مشینری اور آٹو پارٹس کی درآمد پر ریگولیٹری میں اضافے اور درآمدی خوراک سمیت دیگر لگژری اشیا ء پر ٹیکس میں اضافے کی تجاویز زیرغور ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ تجاویز آئندہ بجٹ کے سلسلے میں تیار کی جارہی ہیں تاہم ان تجاویز کی منظوری وفاقی کابینہ سے بھی لی جاسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 ماہ کے دوران ایک ارب 81 کروڑ ڈالر کے اسمارٹ فون درآمدکیے گئے جبکہ اس دوران ایک ارب 66 کروڑ ڈالر کی گاڑیاں بھی درآمد کی گئیں۔رواں مالی سال کے دوران جولائی تا اپریل 7 ارب 74 کروڑ ڈالر کی خوراک جبکہ اس دوران خام تیل، گیس سمیت 17 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت بڑھنے پر پٹرولیم سیکٹر کا درآمدی بل بھی دگنا ہوگیا ہے۔