کراچی (این این آئی)وینکوورمیں پاکستان کے قونصل جنرل اوریو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس(یو ایس پی آئی سی سی) کے مابین پاکستانی برامدات بڑھانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے لئے دونوں ممالک کی کاروباری برادری اور تجارتی تنظیموںکو قریب لایا جائے گا
، تجارتی وفود کا تبادلہ کیا جائے گااور نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔ اس بات کا فیصلہ وینکوورمیں پاکستان کے قونصل جنرل جانباز خان اوریو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے سیکٹری جنرل ملک سہیل کے مابین ایک ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے صدر محترمہ بشریٰ رحمان بھی موجود تھیں۔اس موقع پر قونصل جنرل جانباز خان نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین مستحکم تجارتی اور سیاسی تعلقات قائم ہیں اور گزشتہ سال کینیڈا کو پاکستانی برامدات میں چوبیس فیصد اضافہ ہوا ہے جسے مزید بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف کینیڈا کی برامدات میں چھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستانی چاول، آلات جراہی، کھیلوں کے سامان اور دیگر اشیاء کی برامدات میں اضافہ کرنے کے خواہاں ہیں اور اس سلسلہ میں کاروباری برادری سے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ وینکورمیں جلد ہی بریانی فیسٹول کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ پاکستانی چاول کی طلب بڑھائی جا سکے۔