پشاور(این این آئی) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پشاور میں ورکرز ویلفیئر بورڈ ملازمین کے احتجاج کے دوران مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ مولانافضل الرحمن نے واقعہ میں گرفتار ملازمین کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت بدمست ہاتھی کا روپ دھار کر غم غصہ عوام پر نکالنا بند کرے۔ ورکرز ویلفیئر ملازمین پر صوبائی حکومت کا بدترین تشدد آمرانہ سوچ کی عکاسی ہے ۔اپنے حقوق کیلئے پرامن احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے ۔صوبائی حکومت بوکھلا چکی ہے ۔سرکاری ملازمین سے انسانیت سوز سلوک قابل مذمت ہے ۔خیبرپختونخوا کی عوام موجودہ صوبائی حکومت سے اکتا چکی ہے ۔تشدد کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ تمام گرفتار ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے۔