گلگت(این این آئی) گلگت بلتستان حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم سمیت مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بہتر کوآرڈینیشن کے لیے علاقے کے چیف سیکریٹری کی ہدایت پر گلگت بلتستان کے محکمہ داخلہ میں فارنرز سیکیورٹی سیل قائم کیا گیا ہے۔
یہ سیل غیر ملکیوں اور چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گا اور علاقائی اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور رابطہ قائم کرے گا۔گلگت بلتستان حکومت نے تمام متعلقہ حکام کو قواعد و ضوابط اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا) کی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ چینی باشندوں اور دفاتر کی چار دیواری کی مخصوص اونچائی، رہائش گاہوں پر سیکیورٹی گارڈز، کیمروں کی تنصیب وغیرہ کو یقینی بنائیں،اس کے علاوہ چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ وسیع پیمانے پر نگرانی کرے گی۔فوری ردعمل کیلئے تمام اضلاع میں فون اور فیکس مشینوں سے لیس کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔گلگت بلتستان حکومت نے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے علاقے بھر میں ہوٹلوں اور چینی کیمپوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا بھی شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں دیامر کے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد اور ایس ایس پی شیر خان نے شینگ چائنیز کیمپ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔فیاض احمد نے چینی ملازمین اور عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں سیکیورٹی سے متعلق اہم امور سے آگاہ کیا۔