سٹاک ہوم(این این آئی)دنیا بھر میں ہتھیاروں کی خرید وفروخت پر نظر رکھنے والے سویڈش ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے کہاہے کہ امریکا اور چین نے سال 2021 کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ اپنی فوج پر خرچ کیا ہے ۔ ان دو ممالک نے دنیا کے مجموعی دفاعی بجٹ کا باون فیصد اپنے دفاع پر خرچ کیا۔میڈیارپورٹس کے
مطابق دنیا بھر میں ہتھیاروں کی خرید وفروخت پر نظر رکھنے والے سویڈش ادارے اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ ( سپری ) روس نے بھی یوکرین پر حملہ کرنے سے قبل اپنے دفاعی اخراجات میں کافی اضافہ کر دیا تھا۔سپری کی جانب سے جاری کردہ نئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس یعنی 2021 کے دوران عالمی سطح پر ملٹری اخراجات دو ٹریلین ڈالرز کی حد عبور کر گئے۔عالمی سطح پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر نظر رکھنے والے اس سویڈش تھنک ٹینک کے مطابق سال 2021 کے دوران عالمی سطح پر ملٹی اخراجات 2.113 ٹریلین ڈالرز ریکارڈ کیے گئے۔ یہ سال 2020 کے مقابلے میں 0.7 فیصد زائد جبکہ سال 2012 کے مقابلے میں 12 فیصد زائد ہیں۔سپری کے ملٹری ایکسپینڈیچرز اینڈ آرمز پروڈکشن پروگرام سے منسلک سینیئر ریسرچر ڈیگو لوپیز ڈا سلوا کے مطابق کورونا وبا کے اثرات کے باوجود بھی دنیا کے ملٹری اخراجات ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔یاد رہے سال 2021 کے دوران دنیا بھر میں سب سے زیادہ ملٹری اخراجات کرنے والے ممالک بالترتیب امریکا، چین، بھارت، برطانیہ اور روس رہے۔ ان پانچ ممالک نے دنیا بھر کے مجموعی ملٹری اخراجات کا 62 فیصد خرچ کیا جبکہ صرف امریکا اور چین نے عالمی ملٹری اخراجات کا 52 فیصد خرچ کیا۔ روسی دفاعی اخراجات میں سال 2021 میں مسلسل تیسرے برس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔علاوہ ازیں، بھارت نے سال 2021 کے دوران اپنی ملٹری پر 76.6 بلین ڈالرز خرچ کیے اور یوں یہ دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ دفاعی اخراجات کرنے والا ملک رہا۔بھارتی ملٹری اخراجات سال 2020 کے مقابلے میں 0.9 فیصد زائد تھے جبکہ سال 2012 کے مقابلے میں 33 فیصد زائد ہیں۔