اسلام آ باد (آئی این پی ) موجودہ مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران خسارہ تین ہزار ایک سو پینسٹھ ارب روپے تک پہنچ گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق صوبوں کو ڈھائی ہزار ارب جاری کئے گئے، جب کہ اس عرصے میں خالص آمدنی دو ہزار سات سو بیاسی ارب روپے رہی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق قرضوں پر سود کی مد میں 2118 ارب روپے خرچ کئے گئے، جب کہ 4383 ارب روپے ٹیکس جمع کیے گئے۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق نان ٹیکس ریونیو 982 ارب 70 کروڑ رہی۔ اس دوران 9 ماہ میں 125 ارب 56 کروڑ روپے کی پیٹرولیم لیوی وصول کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دفاع پر 881 ارب 88 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ نو ماہ کے دوران حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر 452 ارب خرچ کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب وفاق نے سبسڈیز کی مد میں نو ماہ کے دوران 575 ارب سے زائد روپے خرچ کئے ہیں۔