اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی )سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جو حال عمران خان نے پاکستان کا کیا ہے اسے عبرت کا نمونہ بنانا چاہیے ۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے فارن فنڈنگ کا فیصلہ خلاف آیا تو پھر پوری پارٹی پر پابندی لگ جائے گی ، عمران خان نے مذہب اور ریاست مدینہ کا نام لے کر پاکستانی معیشت تباہ کر دی ہے ۔
انہوں نے کہا ہے ابھی تک جو سچ سامنے آیا وہ صرف پانچ سے دس فیصد ہے حق آئے گا باطل مٹ جائے گا ۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی بار پاکستان کے یہ حالات دیکھے ہیں اور یہ سوچا نہیں تھا کہ پاکستان اس حال تک جا پہنچے گا ۔ لوگ اس وقت بے روزگار ہیں ، بھوک سے مر رہے ہیں ، لوگوں سے بچے نہیں پالے جارہے ، آٹا ، چینی ، دوائی خریدنے کی ان میں سکت نہیں رہی ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو حال پاکستانی معیشت کیساتھ کیا اسے عبرت کا نمونہ بنانا چاہیے، پاکستان کا وہ حال ہو گیا جس کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا ۔ دوسری جانب گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال ، اتحادی حکومت کے قیام کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جمعرات کو ہونے وا لی ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر ، شیری رحمان اور قمزمان کائرہ بھی موجود تھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد سمیت وزیراعظم اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں کامیابی پر مبارک باد دی،قات میں سیاسی معاملات میں اتفاق رائے کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اوربلاول بھٹو زر داری ملاقات میں حکومت کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیاگیا ، ملاقات میں صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنجاب سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کی معشت کو اب دوبارہ کھڑا کرنا آسان نہیں، عمران خان نے ملک میں بداخلاقی اور غنڈہ گردی کا کلچر پیدا کیا، میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف کی ملاقات ضروری ہے ، ایک بار پھر ہم نے پاکستان میں جمہوریت کو بحالی کی طرف لے جانا ہے۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ عمران خان کے خلاف بیرونی سازش نہیں یہ جمہوری سازش تھی، عمران خان کے خلاف وائٹ ہاؤس کی نہیں بلاول ہاؤس کی سازش تھی، عمران خان کا بیانیہ ہیکہ مجھے کیوں نہیں بچایا۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف کا جمہوریت کی بحالی میں کردار اور قربانی سب کے سامنے ہے، اس نیت کے ساتھ آیا ہوں کہ ان چینلجز کا مقابلہ تب کرسکتے ہیں جب شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔