کراچی (این این آئی)سال کا پہلا سورج گرہن 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی شب ہوگا جس میں سورج کو جزوی طور پر گرہن لگے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 2022 کا پہلا جزوی سورج گرہن 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی شب دیکھا جائے گا تاہم سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 30 اپریل رات 11:45 پر گرہن لگنا شروع ہوگا، جزوی سورج گرہن رات 1:42 پر عروج پر پہہنچے گا اور رات 3:38 کو ختم ہوگا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سورج گرہن جنوبی امریکا، انٹار کٹیکا اور بحر پیسیفک و اٹلانٹک میں دیکھا جا سکے گا، سورج کو لگنے والا یہ جزوی گرہن 2022 کا پہلا سورج گرہن ہوگا۔