کراچی(این این آئی)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ میں اپنے 5 دہائیوں کے سیاسی تجربے کی بنیاد پر یہ پیش گوئی کرتا ہوں کہ تحریک انصاف کے رویئے اور عدالت پر الزام تراشیوں کی وجہ سے ملک بالآخر اس نہج پر پہنچ جائے گا
جہاں فوج نے ہی ملک کو سنبھالنا پڑے گا۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سپریم کورٹ نے اپنے احکامات میں واضح طور پر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا ٹائم فریم دیا تھا تو رات ساڑھے گیارہ بجے تک تقریریں کرکے وقت ضائع کئے جانے کے بعد عدالتیں رات کو کھولنے پر مجبور کیا گیا تاکہ آئین و قانون کے مطابق ملک کو چلایا جاسکے اور عدالتیں کھلنے کے بعد ہی یہ مجبور ہوئے کہ قومی اسمبلی میں ووٹنگ کرائی۔ اگر رات میں عدالتیں نہ کھلتیں تو انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مذاق بنارکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل پنجاب اسمبلی میں بھی تماشا لگا کر ڈپٹی اسپیکر پر غنڈہ گردی کی گئی۔ ایسے روئیے کے بعد عوام کے سامنے خود کو آئین و قانون کا پاسدار ظاہر کرنا قول و فعل کا کھلا تضاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں جمہوریت میں ایسی روایات قائم نہ کریں کہ جس سے جمہوریت کا خاتمہ ناگزیر ہوجائے۔ اداروں پر الزام تراشی کرکے ملک کو جس طرف لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے وہاں ملک انتشار کا شکار ہوگا اور بالآخر فوج کو ہی ملک بچانے کے لئے آگے آنا ہوگا۔