اسلام آباد(این این آئی)قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ سے قبل استعفیٰ دے دیا۔ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ ہونا تھی۔
متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں اسد قیصرکے استعفے کے بعد نئے اسپیکر کا انتخاب بھی شامل ہے،پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوچکے ہیں۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا مزید کہنا ہے کہ پینل آف چیئر پرسن میں شامل پی ٹی آئی کے تینوں ارکان مستعفی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بطورڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا دلیرانہ فیصلہ تاریخ کا حصہ ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ قاسم سوری نے استعفیٰ دے دیا۔بحیثیت ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری نے جس طرح بیرونی سازش کا مقابلہ کیا اور ایک دلیرانہ فیصلہ دیا وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ تاریخ قاسم سوری کو ایک دلیر اورملک کے وفادار کے طورپرہمیشہ احتراج دے گی۔ بحیثیت تحریک انصاف کے کارکن ہم سب کوآپ پرفخر ہے۔