کراچی(این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا ہے کہ مارچ 2022 میں ترسیلات زر 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق کارکنوں کی ترسیلات زر میں مارچ2022 میں 2.8ارب ڈالر کی آمد ہوئی اور اس طرح ترسیلات زر نے جون2020 سے 2 ارب ڈالر سے زائد کی سطح پر رہنے کی غیر معمولی رفتار کو برقرار رکھا۔ یہ کسی بھی مہینے میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی آمد کی بلند ترین سطح ہے۔نمو کے لحاظ سے مارچ2022 میں ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیادو ں پر28.3فیصد اور سال بہ سال بنیادوں پر3.2فیصد اضافہ ہوا۔مالی سال22 کے 9 مہینوں میں ترسیلات زر گذشتہ برس کے مقابلے میں7.1فیصد نمو کے ساتھ مجموعی طور پر23.0ارب ڈالر رہیں۔مارچ2022 میں کارکنوں کی ترسیلات زر میں رقوم کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (678ملین ڈالر)،متحدہ عرب امارات (515ملین ڈالر)، برطانیہ (401ملین ڈالر)اور امریکا (300ملین ڈالر)شامل ہیں۔