اسلام آباد (این این آئی)قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کرلیے۔قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بطور قائم مقام اسپیکر پی ٹی آئی کے 123 اراکین کے استعفے منظور کرلیے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں قاسم سوری
نے کہا کہ بطور قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی مجھے موصو ل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کو رولز اور ضابطے کے تحت منظور کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے ہفتے کو ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیاجس کے مطابق قومی اسمبلی کا 16 اپریل کو ہونے والا اجلاس اب 22 اپریل کو سہ پہر 3 بجے ہو گا۔یاد رہے کہ 16 اپریل کو اسپیکر اسد قیصر کی جگہ نیا اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کیا جانا تھا تاہم اب یہ اجلاس مؤخر کر دیا گیا اور اس کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے۔یاد رہے کہ اسد قیصر اور قاسم سوری کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں سے مستعفی ہونے کے بعد قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت پینل آف چیئر سردار ایاز صادق نے کی تھی۔