اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ آج شہباز شریف کو ووٹ ڈالنے آیا ہوں، پاکستان کے ساتھ ہوں خان کے ساتھ نہیں۔ ہفتہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ میں شہباز شریف کو ووٹ ڈالنے آیا ہوں۔صحافی نے سوال کیا آپ خان کا ساتھ
چھوڑ رہے ہیں ؟ اس سوال کے جواب میں عامر لیاقت نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہوں خان کے ساتھ نہیں ہوں،صحافی نے سوال کیا کہ آپ اپنے ٹویٹس سے متعلق بتائیں جن میں آپ نے خدشات کا اظہار کیا تھا۔عامر لیاقت نے کہا کہ ایف آئی اے میں کیس کیا ہوا ہے ،مجھے بلایا گیا تو سب کچھ بتاؤں گا۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت جاتی دیکھ کر یہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں، ان کا تکبر آئین سے بڑا ہے، ملک کو چلانا کھیل نہیں ہوتا، آج بھی آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنا فیصلہ سنا چکی ہے، مشترکہ اپوزیشن تحمل سے بیٹھی ہے، ہنگامہ آرائی حکومت کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنا بیانیہ بنانا ہے کہ ہم وفادار باقی سب غدار ہیں، الیکشن سے کوئی نہیں بھاگ رہا۔انہوں نے کہا کہ ہم پوری اکثریت میں ہیں، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج ہوگی، آج ووٹنگ ہونی ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں۔ انہوں نے کہ سب کے چہرے دیکھ لیں، جس کے پاس واضح اکثریت ہو وہ بوکھلایا ہوا نہیں ہوتا، فیصلہ قبول کررہے ہیں تو کیوں پریشان ہیں۔ واضع رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت شروع ہونے والا اجلاس ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔