لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کی جیالی کے طو رپرشہرت حاصل کر کے منحرف ہونے والی رکن اسمبلی عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ میں اپنے لیڈر کو نہیں بھولی تھی بلکہ لیڈر نے مجھے بھلا دیا،درخواستوں کے باوجودمیری رکنیت بحال نہیں کی گئی ،مجھے شاید بنی گالہ کے
موکلوں نے ہی یہاں تک پہنچایا ہے ،بشری بی بی نے کسی طرح کی صلہ رحمی نہیں دکھائی ۔ ایک انٹر ویو میں عظمیٰ کاردارنے کہا کہ اگرہم کارکنان دل کے زخم دکھائیں تولوگوں کو پتہ چلے ہم کس حال میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تو اپنے کارکنان کو مڑکر نہیں دیکھا،بنی گالہ میں اگرکوئی نظر آیا تو وہ صرف فرح خان نظر آئیں۔ فرح خان تواب بھاگ گئی ہے اس کی ذمہ داری آپ کے کاندھوں پر آگئی ہے ،تقرر و تبادلوں کیلئے جو کروڑوں روپے رشوت لی گئی اوردبئی میں محلات بنائے گئے اس کا جواب اب انہیں دینا پڑے گا، اب آپ کوراہ نجات نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چوہدری سرور کے ساتھ کیا کیا، میں درخواستیں دیتی رہی کہ میں ادنیٰ کارکن ہوں میری رکنیت بحال کر دیں لیکن میرے لئے سارے دروازے بند کر دئیے گئے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جو خط لہرایا ہے اس سے ہماری خارجہ پالیسی کو بہت نقصان ہوگا ،مجھے تو یہ خط قطری خط کی طرح لگتا ہے۔