نئی دہلی /منیلا (این این ائٓی)بھارتی براہموس میزائل کے خریدار فلپائن نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر غلطی سے میزائل فائر ہونے کے بعد بھارت سے وضاحت مانگ لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلپائن کے وزیر دفاع نے دارالحکومت منیلا میں بھارتی سفیر کو طلب کیا اور براہموس میزائل کی کارکردگی سے متعلق وضاحت مانگی۔رپورٹ کے مطابق بھارتی سفیر نے میزائل واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے پر رپورٹ فلپائن سے شیئر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلپائن نے بھارت سے براہموس میزائل کی 375 ملین ڈالر کی تین بیٹریاں خریدنے کا معاہدہ کیا ہوا ہے۔یاد رہے کہ نو مارچ کو بھارت کی طرف سے پاکستان کی حدود میں میزائل فائرہوا تھا، بھارتی وزرات دفاع نے اعتراف کیا تھا کہ میزائل تکنیکی خرابی کے باعث غلطی سے فائر ہوا۔اس حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں گرنے والا میزائل براہموس میزائل تھا تاہم اس حوالے سے بھارت کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی، شاید یہی وجہ فلپائن کی پریشانی کی وجہ بھی ہے۔