لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر چوہدری مونس الٰہی بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے امیدوار اپنے والد چوہدری پرویز الٰہی کیلئے اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے متحرک رہے۔مونس الٰہی اور حسین الٰہی جہانگیر ترین گروپ کے رفاقت گیلانی، عبد الحی دستی اور امیر محمد خان کے ہمراہ پنجاب اسمبلی آئے اور ان کی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کرائی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ گورنر کی بجائے وزیر اعظم کو دیا،پرویز الٰہی کو بتانا چاہتے ہیں انہیں ماموں بنایا گیا ہے،پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر حاوی ہونے کیلئے چور دروازے کا استعمال کررہے ہیں،ہم اپنے نمبر گیم پر پرامید ہیں، ہمیں پتا تھا کہ ہمارا مقابلہ نوسربازوں کے ساتھ ہے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پنجاب کے 30 آزاد امیدوار کامیاب ہو کر پی ٹی آئی سے ملے تھے، مسلم لیگ (ن) کا چوری شدہ مینڈیٹ اب ہمیں واپس مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار اتنے معصوم ہیں کہ استعفیٰ گورنر کو بھیجنے کے بجائے وزیراعظم کو دیدیا، حکومت سے کہتی ہوں، عمران تو گیو، آپ بھی گیو، عثمان بزدار کو ڈمی وزیراعلی بنانے کیلئے ہمارا حق مارا گیا۔لاء ڈیپارٹمنٹ کو نہیں پتہ تھا کہ استعفیٰ کس کو دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ہمارے اراکین کی حاضری سو فیصد تھی،ترین گروپ نے ہماری حمایت کا اعلان کردیا ہے،محمد خان بھٹی کا پرویز الٰہی سے ذاتی تعلق ہے وہ دائیں کا کہہ کر بائیں کی مارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی چور دروازے استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں،چور دروازے کے ذریعے ایجنڈا جاری کیا گیا،رولز بڑے واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو امریکہ کی باتیں کر رہے ہیں امریکہ ان کو کچھ نہیں سمجھتا،عمران خان پاکستان کی ایسی کی تیسی کرنا چاہتے ہیں۔