اسلام آباد(آن لائن ) قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان دھمکی آمیز خط ملنے پر تین ہفتے خاموش کیوں رہے اور فوری شور کیوں نہیں کیا؟ امریکہ سے واپسی پر عمران خان نے کہا ایسے لگ رہا جیسے ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں،مذہبی کارڈ کھیل کر قوم کو دھوکا دینا چاہتے ہیں، خدا کا خوف کریں آپ کسے بے وقوف بنارہے ہیں،یہ یورپ کے خلاف باتیں کر کے
پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں عمران خان نے دنیا اور دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا ، چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک سے ہمارے بہترین تعلقات ہیں، لیکن انہوں نے سعودی عرب اورسی پیک کیخلاف باتیں کیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شہبازشریف نے کہا کہ احتساب کا بیانیہ دم توڑچکا، آج تک جتنے بھی میگا اسکینڈل عمران نیازی کے ناک کے نیچے ہوئے ایک ریفرنس نیب کونہیں بھیجا گیا۔ چینی، ادویات، گندم، گیس، پاورپلانٹس کے اربوں کے سکینڈل سامنے آئے، مہنگے ترین فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی گئی، بی آرٹی پشاور، مالم جبہ سمیت کسی ایک کیس کی تحقیقات نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے خلاف درجنوں کے حساب سے مقدمات درج کیے گئے، ایک بھی مقدمے کے شواہد سامنے نہیں لاسکے۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے میرے خلاف پونے دوسال تحقیقات کی۔ کہا ڈرون حملوں پرنوازشریف نے کچھ نہیں کیا تاریخ کومسخ کرنے کے مترادف ہے، میرے قائد ڈرون حملوں پر پورا مقدمہ لڑتے تھے، یہ ساری باتیں ریکارڈ کا حصہ ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نادان دوست بہت نقصان کرتا ہے جب کہ دانا دشمن نادان دشمن سے بہتر ہوتا ہے اور عمران نیازی پر یہ محاورہ بہت اچھا بیٹھتا ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان یہ کہہ رہے ہیں کہ بین الاقوامی سازش ہوئی ہے، میں ان کی تقریر نہیں سنتا، انہوں نے عوام کے ذہن کو زہر آلود کرنے کی کوشش کی، آپ کو شرم آ نی چاہیے کہ پونے چار سال کے بدترین انتقام کے بعد نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف کرپشن کا ایک دھیلا نہیں ملا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اگر ہمارے اربوں روپے کے اثاثے بیرون ملک پڑے ہیں تو لے آتے ناں اور قوم کو دکھاتے، یہ کہنا ہے کہ ڈرون حملوں پر ہم نے بات نہیں کی یہ تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میرے خلاف بین الاقوامی سازش ہوئی، دھمکی آمیز خط ملنے پر آپ تین ہفتے خاموش کیوں رہے اور جلسے میں آکر خط لہرا دیا، اگر ایسا تھا تو آپ کو فوری طور پر شور کردینا چاہیے تھا، پہلے کہا امریکا اور پھر کہا کہ نہیں نہیں ! میں کچھ اور کہہ رہا تھا، یہ ڈرامہ بازی آپ کسے دکھا رہے ہیں؟
آپ اتنا ڈرتے ہیں کہ آپ امریکا کا نام خود نہیں لے رہے، آپ کسے بے وقوف بنارہے ہیں؟۔دھمکی آمیز خط پر انہوں نے مزید کہا کہ یہ خط تین ہفتے قبل 7 مارچ کو آیا، اگر یہ خط امریکا نے لکھا تو آپ نے او آئی سی کانفرنس میں امریکا کی سیکریٹری آف اسٹیٹ کو کیوں بلایا؟ ہم جانتے ہیں یہ آپ کا آخری گھٹیا اور بھونڈا ہتھکنڈا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ دھاندلی کے ذریعے آئے مگر ہم نے
آپ کو ہٹانے کے لیے آئینی راستہ اختیار کیا اس پر بھی ہمیں دھمکیاں دیتے ہیں یہ کون سی جمہوریت ہے؟ اتوار کو آپ کو ایوان میں شکست فاش ہوگی کیوں کہ ہمارے نمبرز مطلوبہ تعداد سے بھی زائد ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ چین کے خلاف کس نے دشنام تراشی کی؟ پرویز خٹک اور اسد عمر نے سی پیک کے خلاف بیانات دیئے، اس وقت کے جنرل راحیل شریف نے پوچھا کہ سی پیک قرضے ہیں؟
جس پر احسن اقبال نے کہا آپ کو کس نے کہا یہ قرضے ہیں، یہ قرضے بھی ہیں اور سرمایہ کاری بھی ہے، پرافٹ اینڈ لاس ان کا وہ سرمایہ کاری کررہے ہیں ان منصوبوں پر، میٹرو اور اورنج لائن 8 فیصد نہیں دو فیصد پر ہے جس پر راحیل شریف حیران رہ گئے تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوست ہے جس نے اربوں ڈالر بلا کسی شرط کے دیئے، جب کہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ
ہم سعودی عرب کے بغیر ہی کشمیر کا مقدمہ لڑنے سکتے ہیں، موجودہ حکومت نے بین الاقوامی تعلقات کا تو بیڑہ غرق کردیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے پونے چارسالوں میں پاکستان کے تعلقات کونقصان پہنچایا، شاہ محمود نے کہا سعودی عرب کے بغیر ہی کشمیرکا مقدمہ لڑ سکتے ہیں، خط7 مارچ کو آیا تو 3 ہفتے کیوں چپ رہے؟ نیشنل سیکیورٹی میں بعد میں گئے، کل پہلے کہا امریکا پھر کہا نہیں،
نہیں، اندازہ کریں اتنے بچے معصومی میں امریکا کا نام لے گئے پھر کہا نہیں، نہیں، اگرامریکا نے خط لکھا تھا تو اوآئی سی میں امریکی وفد کو کیوں دعوت دی، خدا کا خوف کریں کس کوبیوقوف بنارہے ہیں۔لیگی صدر کا کہنا تھا کہ خود عمران نیازی نے ملتان میٹرو کے چینی کمپنی کے خلاف الزام لگائے، ملتان میٹرومیں لگائے گئے الزامات آج تک ثابت نہیں کرسکے۔ چین کی کمپنیوں پربھی کرپشن کے الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپ کا آخری ہتھکنڈا ہے، کل پارلیمان میں 172 ارکان موجود تھے، آپ اچھی طرح جانتے ہیں پرسوں شکست فاش ہو گی، شکست فاش نظرآنے پرایک لاکھ لوگوں کولانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ابھی تک ہمارے کسی ممبر، اتحادی پارٹیوں کو کوئی تھیرٹ والی کال نہیں کی گئی، ہم نے انتظامیہ، پولیس کو کہا ہے ووٹنگ والے دن سیکیورٹی کا بندوبست کریں، اگرپرامن ووٹنگ کے لیے
کہیں رکاوٹ پیدا کی گئی تو پھر انتظامیہ کٹہرے میں ہو گی، متحدہ اپوزیشن متحد ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کوکئی دانے پھینکے گئے لیکن انہوں نے پرواہ نہیں کی، پرسوں عمران نیازی کو شکست فاش ہو گی، ابھی عثمان بزدارکے استعفے کا پتا چلا ہے، کل ہی اجلاس بلا لیا گیا اس سے بڑی کوئی دھاندلی ہو سکتی ہے، پنجاب میں مشاورت سے فیصلہ کریں گے، کوئی بڑا بول نہیں بولوں گا،
ہم نے کبھی کرپشن کے خاتمہ کرنے کا ڈھونڈورا نہیں پیٹا، عمران خان نے 90 دن میں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کیا تھا، ہم نے کبھی 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا نعرہ نہیں لگایا، ہمارے ادوار کی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ متحدہ اپوزیشن کی حکومت معرض وجود میں آئے گی، غریب کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں گے، جو اقدامات کریں گے ابھی اس کا اعلان نہیں کرنا چاہتا، آئی ایم ایف کے ہم اسیر بن چکے ہیں، یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں۔