اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی ) اپوزیشن نے اپنے ارکان پنجاب اسمبلی کو لاہور سے باہر جانےسےروک دیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق (ن) لیگ کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے کسی بھی رکن پنجاب اسمبلی کو لاہور سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے اور ایم پی ایز کو مختلف گروپوں میں تقسیم کرکے ایک ساتھ رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم پی ایز کو ہدایت کی گئی ہےکہ وہ ایک گھنٹےکے شارٹ نوٹس پر پنجاب اسمبلی پہنچنے کیلئے تیار رہیں گے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اراکان پنجاب اسمبلی سے اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی دستخط کرالیےگئے ہیں اور تمام ایم پی ایز سے تین، تین مختلف دستاویزات پر دستخط کرائے گئے۔دوسری جانب صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے دعویٰ کیا ہے کہ پرویز الٰہی کے وزیراعلی پنجاب بننے کیلئے نمبر پورے ہوگئے، چند ناراض اراکین رہ گئے جلد وہ بھی پرویزالٰہی کے ساتھ ہوں گے۔یہ بات نجی ٹی وی نے راجہ بشارت کے حوالے سے کہی ۔ علاوہ ازیںوزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ ترین گروپ سے بھی رابطے میں ہیں جلد مثبت پیشرفت ہوگی۔صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ (ن)لیگ کے بیشتر افراد پرویز الٰہی کے ساتھ ہیں، پنجاب میں سب کچھ نمبرنگ گیم ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما وصوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی پنجاب کے وزیر اعلی کے لیے ایک مضبوط امیدوار ہیں،آئین کے مطابق ایک سیاسی جماعت کے ممبران وزیرِ اعلی کی تعیناتی پر پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ نہیں دے سکتے۔ فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہاکہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر ممبران کو سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔ اس موقع پر اسمبلی اراکین کا اپنی سیٹ سے ہاتھ دھونا اندھے کنویں میں چھلانگ لگانے کے مترادف ہو گا۔ علیم خان اور ترین گروپ کا واحد مطالبہ سردار عثمان بزدار کی تبدیلی رہا ہے۔ سردار عثمان بزدار کے استعفے کے بعد پی ٹی آئی کے تمام گروپس پارٹی ڈسپلن کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سردار عثمان بزدار نے پاکستان اور وزیرِ اعظم عمران خان کی خاطر اپنے عہدے کو قربان کیا۔ سردار عثمان بزدار نے ساڑھے تین سال ہر شعبے میں بے مثال کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھے۔ چوہدری پرویز الٰہی بھی اپنے گزشتہ ادوار کی طرح پنجاب کی عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں گے۔ اپوزیشن جان لے، پنجاب میں پاکستان تحریکِ انصاف ہی کی حکومت رہے گی۔