کراچی(این این آئی)شہر قائد میں ایک باپ نے خواجہ سرائوں سے دوستی پر نوجوان بیٹے کو بہیمانہ انداز میں قتل کردیا جب کہ کراچی پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اورنگی ٹائون میں پیش آیا جہاں ایک 21 سالہ نوجوان کو اس کے والد نے قتل کر دیا۔علاقہ ایس ایچ او شیر کہا کہ پولیس نے اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے 11 میں علی خان نامی نوجوان کو بیلچے کے وار سے قتل کرنے کے الزام میں اس کے والد کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے کہا کہ اس کے بیٹے کے خواجہ سرا افراد سے دوستی تھی، والد کے مطابق اس نے بیٹے کو کئی بار خواجہ سرائوں سے دور رہنے کا کہا لیکن وہ باز نہ آیا۔والد نے بتایا کہ پہلے اس نے بیٹے کو بجلی کے جھٹکے دیئے، اور بعد ازاں بیلچے کے وار سے قتل کر دیا۔رپورٹ کے مطابق لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایس ایچ او نے کہا کہ ملزم مذہبی رجحان رکھتا ہے اور اس نے قتل پر کسی قسم کی ندامت کا اظہار نہیں کیا، پولیس اس بات کی طبی تصدیق کا انتظار کر رہی ہے کہ کیا واقعی مقتول کو بجلی کے جھٹکے بھی دیے گئے۔