اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے لئے ہر آنے والا دن ان کی مشکلات میں اضافہ کرتا جا رہا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے علاوہ تمام اتحاد تحریک انصاف کو چھوڑ کر جا چکے ہیں، اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے آئی ٹی نے بھی وزیراعظم کا ساتھ چھوڑتے ہوئے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا ہے، واضح رہے کہ پارلیمانی سیکرٹری برائے آئی ٹی کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔
دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے واضح کیا ہے کہ عمران نیازی کو اپوزیشن کوئی این آر او نہیں دیگی، ذرائع سے چلائی جانے والی گمراہ کن خبریں متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کو تبدیل نہیں کراسکتیں،عدم اعتمادکی تحریک کے ذریعے متحدہ اپوزیشن ملک میں نئی جمہوری اور آئینی روایات قائم کرے گی اور ماضی کے غیرجمہوری رویوں کو ہمیشہ کے لئے ترک کرکے نئے جمہوری وآئینی سفر کا آغاز کرے گا،عمران نیازی اکثریت کھو چکے ہیں اور وزیراعظم کے منصب پر غیرآئینی طور پر قابض ہیں، اقتدار سے چمٹے رہنے کی آمرانہ خواہش میں وہ ایک لاکھ لوگوں کو اسلام آبادلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ملک کو تصادم، انتشار اور افراتفری سے دوچار کرنے پر تْلے ہوئے ہیں،حکومتی مشینری بشمول آئی جی اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادار وزیراعظم نہ رہنے والے شخص کے غیرآئینی اور غیرقانونی احکامات نہ مانیں،ایک سیاسی جماعت کا آلہ کار بننے کی کوشش کرنے والے حکام کو آئین اور قانون کا سامنا کرناہو گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی رہائش گاہ پر متحدہ اپوزیشن کے قائدین کا اہم اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں متحدہ اپوزیشن اوراس کا ساتھ دینے والی جماعتوں کے 172 ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس نے متحدہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری ہونے اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے ارکان قومی اسمبلی کی مطلوبہ سے زائد تعداد میں دستیابی پراطمینان کا اظہار کیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے آئین، قانون اور پارلیمانی جمہوری عمل کے ذریعے تحریک عدم اعتماد کو طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے فیصلے کا اعادہ کرتے ہوئے دوٹوک طور پر واضح کیا کہ عمران نیازی کو اپوزیشن کوئی این آر او
نہیں دے گی۔ اس ضمن میں ذرائع سے چلائی جانے والی گمراہ کن خبریں متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کو تبدیل نہیں کراسکتیں۔ اعلامیہ کے مطابق عدم اعتمادکی تحریک کے ذریعے متحدہ اپوزیشن ملک میں نئی جمہوری اور آئینی روایات قائم کرے گی اور ماضی کے غیرجمہوری رویوں کو ہمیشہ کے لئے ترک کرکے نئے جمہوری وآئینی سفر کا آغاز کرے گا۔ اجلاس نے قرار دیا کہ عمران نیازی اکثریت کھو چکے ہیں اور وزیراعظم کے منصب پر غیرآئینی طور پر قابض ہیں،
اقتدار سے چمٹے رہنے کی آمرانہ خواہش میں وہ ایک لاکھ لوگوں کو اسلام آبادلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ملک کو تصادم، انتشار اور افراتفری سے دوچار کرنے پر تْلے ہوئے ہیں۔ اجلاس خبردار کرتا ہے کہ اس عاقبت نااندیشانہ اقدام کے تمام ترنتائج کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے۔ اجلاس حکومتی مشینری بشمول آئی جی اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں پر واضح کرنا چاہتا ہے کہ وزیراعظم نہ رہنے والے شخص کے غیرآئینی اور غیرقانونی احکامات نہ مانیں۔ ایک سیاسی جماعت کا آلہ کار بننے کی کوشش کرنے والے حکام کو آئین اور قانون کا سامنا کرناہو گا۔