لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی ) 3 نیو کلیئر پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ تین نیوکلیئر پلانٹس میں ٹرپنگ کے باعث بجلی شارٹ
فال بڑھنے سے ملک کے مختلف حصوں کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے تاہم چند گھنٹوں میں مرمت اور ان پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار دوبارہ بحال ہو جائے گی۔لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو گرمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ دوسری جانب بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی گئی ۔مسلم لیگ(ن)کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئیقرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ یہ ایوان غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتا ہے۔شہری علاقوں میں آٹھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے۔بجلی کی غیر اعلانیہ لوگ کی وجہ سے شہری ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔بجلی کے بلوں نے پہلے ہی عام آدمی کا بجٹ متاثر کردیا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیاگیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری بند کی جائے۔