اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ٗ آئی این پی)تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں مغرب کے وقت فجرکی اذان دے دی گئی۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق جلسےکے دوران مغرب کا وقت ہوا تو تحریک انصاف کے رہنما اورگلوکار ابرار الحق نے اسٹیج سیکرٹری سینیٹر فیصل جاوید کے کہنے پر اذان دینا
شروع کی تاہم وہ غلطی سے فجر کی اذان میں شامل ʼالصلوٰۃ خیر من النوم کے الفاظ بھی کہہ گئے۔ مغرب کے وقت فجرکی اذان کے الفاظ سن کر لوگوں نے شورکیا تو اذان روک دی گئی اور پھر سینیٹر فیصل جاوید نے خود اذان پوری کی۔پاکستان تحریک انصاف کے پریڈ گرائونڈ میں منعقدہ امر بالمعروف جلسے میں کارکنوں سے حلف بھی لیا گیا،تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کارکنوں سے حلف لیا اور تمام کارکنوں نے ہاتھ اٹھا کر حلف اٹھایا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسٹیج پر موجود وزیراعظم عمران خان سمیت تمام افراد نے بھی ہاتھ اٹھا کر حلف لیا، حلف یہ تھا ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اللہ کے فرمان امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر عمل کریں گے، ہم نیکی کو نیکی اور بدی کو بدی کہیں گے، ہم ہمیشہ حق کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور باطل کو رد کریں گے،ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اللہ کے سوا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی عزت نفس، پاکستانیت، خودمختاری اور خود داری پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے،ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم ہر رنگ، نسل و مذہب کے پاکستانی ہمیشہ سبز ہلالی پرچم تلے یکجا رہیں گے، اللہ تعالی ہمارے ملک کو ترقی و کامرانی عطا فرمائے۔سینیٹر فیصل جاوید کے ساتھ کارکنان الفاظ دہراتے رہے۔