اسلام آ باد (آئی ا ین پی ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ تحریک انصاف نہیں پاکستان کی جنگ ہے۔ اتوار کو اپنے آڈیو پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں آج کا جلسہ ہو رہا ہے یہ پاکستان کی جنگ ہے۔ یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جنہیں بھی تحریک انصاف کے جلسوں میں شرکت کرنی ہے ، ان سے اپیل ہے کہ وہ جلد نکلیں۔ سڑکوں پر عوام کے جم غفیر کی بدولت خدشہ ہے کہ وہ مقررہ وقت پر نہ پہنچ پائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انشااللہ آج ہم پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں۔دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ حق کا ساتھ دیں اور باطل کو رد کردیں۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں سینیٹر فیصل جاوید خان نے لکھا کہ ملک کے افق پر نیا سورج طلوع ہورہا ہے۔ جاری کردہ پیغام میں فیصل جاوید لکھتے ہیں کہ اللہ کرے اسکی کرنیں کرپشن کے عفریت کو ختم کردیں اور یہ سورج روز روز چمکدار اور روشن ہوتا رہے۔ فیصل جاوید خان نے لکھا کہ آج ایک قوم بن رہی ہے، آئیں اپنی پیاری دھرتی کے لیڈر عمران خان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ حق کا ساتھ دیں اور باطل کو رد کر دیں۔