اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا اور ان کے بڑے بھائی و سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرہ کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا
اور ان کے بڑے بھائی و سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرہ کے خلاف نیب آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انکوائری کر رہا ہے جبکہ چند روز قبل اظہر قیوم ناہرا کو نیب نے پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کیاتھا۔ناہراہ برادران پر نوشہرہ ورکاں میں 813 کنال اراضی غیر مستند ذرائع سے بنانے کے الزام کی تحقیقات جاری ہیں،اس حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے دونوں رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈال دئے گئے۔اس حوالے سے ایم این اے اظہر قیوم ناہرہ نے کہا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کے حوالے سے ہمیں تاحال باضابطہ آگاہ نہیں کیا گیا،تحریک عدم اعتماد کے بعد یہ حکومت کی بوکھلاہٹ کی نشانیاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا میں اسلام آبادمیں موجود ہوں، کہیں بھاگنے والا نہیں ہوں، اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرایانہیں جاسکتا۔