قاہرہ (این این آئی)مصر میں آن لائن ہراساں کرنے پر 17 سالہ طالبہ نے خودکشی کر کے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اس جرم میں عدالت نے نوجوان کو قید کی سزا سنا دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 سالہ طالبہ نے گزشتہ سال 23 دسمبر
کو زہر پی کر خودکشی کر لی تھی کیوں کہ اس کی تصاویر کو آن لائن شیئر کیا گیا تھا۔مصر کی عدالت نے ہراساں اور خودکشی کے جرم میں 16 سالہ نوجوان کو پانچ سال قید کی سزا سنائی۔ ملزم کو ہراساں کرنے کے جرم میں دو سال اور اجازت کے بغیر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے پر تین سال قید کی سزا سنائی گئی۔طالبہ کی خودکشی کے بعد مجرم کی گرفتاری کے مطالبے نے زور پکڑا تھا جس کے بعد پولیس نے اسے رواں سال جنوری میں گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ چلایا گیا۔ کیس میں نامزد دیگر ملزمان کے خلاف مئی میں مقدمہ چلایا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق مجرم نے طالبہ کو دوستی کرنے کے لیے بلیک میل کیا اور انکار کرنے پر اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈال دیں جنہیں اس کے دوستوں اور والدین نے دیکھا۔