لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سرکاری رہائش گاہ پر گزشتہ روز مبینہ طور پر ہونے والے پر اسرار واقعہ پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حسان خاور نے چپ سادھ لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 مارچ کو عام تعطیل کے روز وزیراعلیٰ پنجاب کی سرکاری رہائش گاہ پر پر اسرار سرگرمیاں دیکھی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان سرگرمیوں کے نتیجے میں چیف منسٹر ہائوس اور سی ایم سکرٹریٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ڈیٹا کو مبینہ طور پر اڑا دیا گیا رپورٹس کے مطابق اس کے علاوہ سی ایم ہائوس سے مختلف منصوبہ جات کی فائلوں سمیت بیروکریسی کے تبادلوں سے متعلق فائلوں کو بھی 2 ٹرکوں کے ذریعے نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جب وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی حسان خاور سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے کی بجائے چپ سادھ رکھی۔