اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ الیکشن کمیشن سے نتائج چیک کریں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری مونس الٰہی نے نجی ٹی وی کے پروگرام کا ایک کلپ شیئر کیا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری گفتگو کررہے ہیں۔اس پروگرام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اتحادیوں سے ہماری وفاداری نہیں، لوگ ہماری سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر آئے ہیں، بعض اتحادیوں سے اگر ایڈجسٹمنٹ نہ کرتے تو وہ ایک دو سیٹ بھی نہ جیت سکتے۔انہوں نے کہا کہ اتحادیوں نے اصولوں پر ساتھ دینا ہے تو ان کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے اتحادی ساتھ دیں گے، ہم بہت زیادہ شرائط میں نہیں پڑیں گے یہ واضح کردیا ہے۔فواد چوہدری کے بیان پر مونس الٰہی نے کہا کہ براہ کرم الیکشن کمیشن سے نتائج چیک کریں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد بھی پی ٹی آئی کے ایم پی اے کو حلقے سے (ق) لیگ کے ایم این اے سے کم ووٹ ملے۔وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ فواد چوہدری صاحب بتائیں،کس نے کس کی مدد کی؟ ۔