اسلام آباد (این این آئی، آن لائن)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی گھی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں گھی کی فی کلو قیمت میں 55 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گھی کی فی کلو قیمت 479 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ گھی کی قیمت پشاور میں بڑھی، پشاور میں گھی کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 55 روپے کا اضافہ ہوا اور گھی 424 سے بڑھ کر 479 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 8 بڑے شہروں میں ہفتے کے دوران گھی کی قیمت میں 45 روپے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب یوٹیلیٹی کارپورپیشن پاکستان نے لاہور سمیت ملک بھر میں واقعہ یوٹیلیٹی سٹوروں پر بیسن ، کرنل باسپتی کی قیمتوں میں اضافہ اور کھجور کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق یوٹیلیٹی سٹوروں پر بیسن کی قیمت میں 30 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد بیسن کی فی کلو قیمت 190 روپے ہوگئی ہے جبکہ سپر باسپتی چاولوں کی قیمت 15 روپے فی کلو اضافے کے ساتھ 155 روپے مزید برآں یوٹیلیٹی سٹوروں پر کھجور کی قیمت میں 10 روپے فی نصف کلو کمی کردی گئی ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی سٹوروں میں 500 گرام کھجور کی قیمت 80 روپے مقرر کی گئی ہے جبک دوسری طرف شہر کے عام بازاروں میں مختلف اقسام کی سبزیوں کی قیمت میں بھی اضافے کا رجحان جاری ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں سرکاری نرخوں اور بازار کے نرخوں میں کھلا تضاد پایا جا رہا ہے۔