کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا، دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 556 رنز بنائے اور اس کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوئے جس پر آسٹریلیا نے اننگز ڈیکلیئر کر دی، پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز
میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 97 رنز بنائے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور انہوں نے اننگز ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اس طرح پاکستان کو جیتنے کے لئے 506 رنز کا ہدف ملا، دوسری اننگز میں پاکستان کی ٹیم نے اچھا کھیلا، خصوصاً بابر اعظم نے کیپٹن اننگز کھیلی انہوں نے 196 رنز بنائے، دوسری اننگز کی خاص بات محمد رضوان کی شاندار دفاعی اننگز تھی، جس کی وجہ سے آسٹریلیا کا جیت کا خواب چکنا چور ہو گیا اور کراچی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ عبداللہ شفیق نے 96، بابراعظم نے 196 جبکہ محمد رضوان نے شاندار 104 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 443 رنز بنائے اور اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ اس طرح دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا ہو گیا۔