ملتان(آئی این پی)ملتان سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈیہر نے الزام عائدکیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کو ووٹ نا دینے کے فیصلے پرحکومت نے مجھ پر زمین تنگ کردی ہے ،میرے فیصلے پراب رحیم یارخان میں میرے داماد کی زمین پرقبضہ کرلیا گیا ہے ،کمشنربہاولپور سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ”اسلام آباد”بات کی جائے۔
یہ اوچھے ہتھکنڈے ریاست مدینہ کے نہیںہیں۔این اے 154سے پی ٹی آئی ایم این اے ملک احمد حسین ڈیہر کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ میں نے تحریک عدم اعتماد میں عمران خان کو ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے،میرے فیصلے کے بعد مجھ پر حکومت کی جانب سے زمین تنگ کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔میرے داماد جس کا تعلق رحیم یار خان میں ہے ان کا وراثتی زمین کا تنازع چل رہا تھا۔وراثتی زمین پر عدالتی سٹے کے باوجود سرکاری مشینری نے قبضہ کروا دیا ہے۔کمشنر بہاولپور نے رابطہ کرنے پر کہا ہے کہ اسلام آبادبات کریں۔انہوں نے کہا کہ اسی سرکاری مشینری کے ظلم کے خلاف میں نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے ۔یہ اوچھے ہتھکنڈے ریاست مدینہ کے نہیںہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زمین پر قبضہ کی پریشانی نہیں اس سے زیادہ زمین میں نے سرکاری اداروں کو مفت دی ہے۔میں ظلم کے خلاف ہمیشہ بغاوت کرتا رہوں گا۔