اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر چوہدری برادران سے پی ٹی آئی کے 7 ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ پاکستان تحریک انصاف کے 7 ارکان قومی اسمبلی کی مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ان حکومتی ارکان قومی اسمبلی نے گزشتہ 3 روز میں (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران حکومتی ایم این ایز نے (ق) لیگ کے ساتھ کھڑا ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران منحرف اراکین کو نا اہلی سے بچانے کے لئے قانونی ماہرین نے بھی بریفنگ بھی دی۔قانونی ماہرین کی جانب سے بتایا گیا کہ ووٹ ڈالنے سے کسی ایم این اے کو نہیں روکا جا سکتا، نااہلی کی شق کا اطلاق ووٹ ڈالنے کے بعد ہی ہوگا اور اس کے لیے طریقہ کار طویل ہے۔