اسلام آباد(این این آئی)تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سرگرم ہوگئے اور اجلاس اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لئے اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے پر اصولی اتفاق کرلیا گیا۔
حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اپنے تمام اراکین کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کے لیے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے، جس پر 86 ارکان کے دستخط موجود ہیں جن میں ن لیگ، پی پی اور اے این پی کے ارکان شامل ہیں۔وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے 172 ارکان کی حمایت ضروری ہے، اپوزیشن کے پاس 163 ارکان موجود ہیں اور اسے مزید 9 ارکان کی حمایت درکار ہے۔دوسری جانب تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کی مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اعلان متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ کی تمام اتحادی جماعتوں اپوزیشن اور حکومت کے رابطے کے بعد مشاورت کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا ، ذرائع کے مطابق حکومت اوراپوزیشن کی پیشکش کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ مسلم لیگ (ق) کے ذرائع کے مطابق حکومت کا ساتھ دیا جائے یا اپوزیشن کا فیصلہ کرنے کے قریب ہیں۔ ذرائع کے مطابق زیادہ تر اراکین نے اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہونے کا مشورہ کیا ۔ اراکین نے کہاکہ حکومت نے پہلے بھی وعدے کیے پورے نہیں کیے۔ ذرائع کے مطابق ق لیگ مشاورت مکمل کرکے فیصلوں سے آگاہ کریگی۔ لیگی ذرائع کے مطابق تمام اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ کرنے کا آپشن بھی موجود ہے،کوشش بھی یہی کی جارہی کہ سب متفقہ اور مشترکہ فیصلہ کریں۔