اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، عالمی مارکیٹ کے مطابق ڈیزل و پیٹرول کی قیمتوں میں ساڑھے4 سے ساڑھے5 روپے تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس اضافے میں لیوی شامل نہیں ہے،حکومت قیمتوں کے حوالے سے کیا فیصلہ کرتی ہے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے5 روپے ، ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 4 روپے فی لیٹر تک اضافہ بنتا ہے،جبکہ 4 روپے لیوی شامل کرنے سے پیٹرول کی فی لیٹرقیمت میں اضافہ ساڑھے 9 روپے بنتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 روپے لیوی شامل کرلیا جائے تو فی لیٹر ڈیزل اضافہ ساڑھے 8روپے بنتا ہے۔اس وقت پیٹرول پر لیوی 17اعشاریہ 92روپے فی لیٹر ہے،ڈیزل کی قیمت میں لیوی 13اعشاریہ 30 روپے فی لیٹر ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی صفر ہے،یاد رہے کہ روس یوکرین گشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل اور اجناس کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 102 ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ گندم کی قیمت میں 6 فیصد اور مکئی کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔