اسلام آباد( آن لائن ) حکومت نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا اعلان کردیا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آچکا، یہ لوگ جو تماشا لگانا چاہتے ہیں وہ صرف نو دن کا رہ گیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس
کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بتادیں کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر کتنا اعتماد کرتی ہیں؟ وہ جماعتیں جو ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کو تیار نہیں تھیں آج وہ رات میں ملاقاتیں کررہی ہیں، تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آچکا، جب کہ ہمیں اپنے اتحادیوں پر اعتماد ہے۔وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہر شخص کو احتجاج کا حق ہے، یہ لوگ دس دن میں اسلام آباد آرہے ہیں، آج چلے ہیں اور نو دن کا کھیل باقی رہ گیا ہے، میری وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے جس میں طے ہوا ہے کہ اس لانگ مارچ کا خیال کریں گے اور انہیں ہرگز نہیں روکا جائیگا، تاہم لوگوں کو اذیت ہوری ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کبڈی کبڈی کھیل رہی ہے جس میں جیت عمران خان کی ہوگی، آپ کی تحریک ناکام اور عمران خان مزید مضبوط ہوں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ طالبان کی مدد کی جائے اور انہیں بھرپور سپورٹ کیا جائے، پاکستان کو ان کی مدد کرنی چاہیے تاہم اس پر پالیسی بیان وزارت خارجہ دے گی، ہم طالبان کے ساتھ رابطے میں ہیں، کل بھی ہمارا ایک وفد افغانستان روانہ ہورہا ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 13 پاسپورٹس آفس کھولنے جارہے ہیں، ملک بھر میں نادرا کے مزید 88 دفاتر کھولیں گے جس سے عوام کو مزید سہولت میسر ہوگی۔