لاہور(این این آئی) پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین کرکٹ کا قذافی اسٹیڈیم کے باہر رش اور دھکم پیل کی وجہ سے 4 واک تھرو گیٹ ٹوٹ گئے۔
پولیس اہلکاروں کی جانب سے شائقین کرکٹ پرتشدد بھی کیا گیا، پاکستان سپر لیگ 7 کے فائنل میں انتہائی بد انتظامی نظر آئی، سینکڑوں افراد ٹکٹ کے بغیر اند داخل ہوئے اور میچ دیکھا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں تماشائیوں کے رش اور دھکم پیل کی وجہ سے شائقین کوگزارنے کیلئے لگائے گئے بیریئرز اور خواتین کیلئے لگائے گئے واک تھروگیٹ بھی ٹوٹ گئے۔اس کے علاوہ دھکم پیل کے دوران قذافی اسٹیڈیم کے جنگلے والاگیٹ بھی ٹوٹ گیا۔ پولیس اہلکاروں نے میچ دیکھنے کیلئے آنیوالے شائقین کرکٹ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ سینکڑوں افراد بغیر ٹکٹ مختلف انکلوزرز میں چلے گئے، جبکہ ٹکٹ والے باہر لائن میں کھڑے رہ گئے۔ بعض شائقین کرکٹ نے شکایت کی کے اصل ٹکٹ انکے پاس ہے لیکن انہیں اندر نہیں جانے دیا جا رہا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انکے ٹکٹ پہلے سکین ہو چکے ہیں۔