اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مراد سعید نے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب کیخلاف لندن میں دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب کے خلاف لندن میں دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ مراد سعید توہین آمیز مواد پر جلد لندن میں دعویٰ دائر کریں گے۔
اجلاس میں گفتگو ان کا کہنا تھاکہ چاہتے ہیں کہ غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مراد سعید کو ہدایت کی کہ اپوزیشن گھبرائی ہوئی ہے، آپ نے گھبرانا نہیں، آپ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم، وزرا اورحکومتی شخصیات کی کردار کشی کی مہم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے ذاتی کردارکشی کی مہم میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی طے کیا گیا کہ حکومت پاکستان اور برطانیہ میں کیسز دائرکرے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بھی قانونی کارروائی کیلئے گرین سگنل دے دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ذاتی کردار کشی کی مہم پر زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ وزرا یا حکومتی شخصیات قانونی کارروائی کا آغاز کریں گی۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر بھی بات ہوئی اور تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کو ’آل از ویل‘ کا پیغام دیا اور کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، اب اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں گھبرانا نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بعض وفاقی وزرا کی ٹاک شوزمیں عدم شرکت کا نوٹس لے لیا اور کہا کہ وزرا کو ٹاک شوز میں جا کر حکومتی پالیسی کا دفاع کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ معاشی اشاریے بہتر ہیں لہٰذا عوام کو اپنی کارکردگی سے متعلق اعدادوشمار سے آگاہ کریں اور حکومتی کاموں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پیکا ایکٹ میں ترمیم پر اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی۔