لندن(این این آئی)وبا کے دوران اپنے محل تک محدود ہو جانے اور عوامی تقریبات میں شرکت نہ کرنے کے باوجود ملکہ برطانیہ کورونا وبا میں مبتلا ہوگئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شاہی محل سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ معمولی علامات ظاہر ہونے پر 95 سالہ ملکہ ایلزبتھ دوم کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جو مثبت آیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ میں معمولی نوعیت کی علامات ہیں جب کہ ان کی مجموعی صحت کافی بہتر ہے اور وہ شاہ محل قلعہ ونڈسر میں مقیم ہیں جہاں ماہر معالجین ان کی دیکھ بحال کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں۔شاہی محل سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملکہ برطانیہ نے اپنی عوامی سرگرمیاں منسوخ کردیں اور صرف ضروری کاموں کی انجام دہی میں خود کو مشغول رکھا ہے۔