کراچی(این این آئی)رواں سال بیرون ملک سے کراچی آنے والے 204 مسافروں میں کورونا وائرس مثبت آنے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق 13 جنوری سے 17 فروری تک بیرون ملک سے کراچی
آنے والے 204 مسافروں میں کورونا وائرس مثبت آنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔محکمہ صحت کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق مسافر سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، بھارت، بحرین، قطر اور برطانیہ سے پہنچے تھے۔ اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ 139 کورونا مثبت مسافر سعودی عرب سے پہنچے جبکہ سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والے کی زیادہ تعداد بے دخل کئے جانے والے مسافروں کی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 47 کورونا مثبت مسافر متحدہ عرب امارات سے کراچی پہنچے جبکہ قطر سے 5 ،برطانیہ سے 2 اور ایک ایک کورونا مثبت مسافر جرمنی اور بھارت سے کراچی پہنچے تھے۔وائرس سے متاثر تمام مسافروں کو اپنے اپنے گھروں پر قرنطینہ کیا گیا ہے، مسافر سعودی ایئر لائن، امارات ایئر لائن، فلائی دبئی اور پی آئی اے کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔