لاہور( این این آئی)ایواکاڈو اور کیوی کے بعد پاکستان میں چینی پھل کمکاٹ کی کاشت کا کامیاب تجربہ ہوچکا ہے۔لاہور کے شہریوں نے اپنے گھروں کے باغیچوں میں کمکاٹ کے پودے لگا لیے۔لاہور ملنے والے پھل کمکاٹ کا سائز ایسا ہے کہ لوکاٹ معلوم ہوتا ہے۔ ذائقے میں یہ لیموں اور کنو کے
مانند ہوتا ہے تاہم یہ نہ تو لوکاٹ ہے اور نہ ہی کنو بلکہ یہ چین سے تعلق رکھنے والا پھل کمکاٹ ہے۔باغبانی کی شوقین خاتون سیما خلد نے بتایا کہ کمکاٹ لگانے کا تجربہ کامیاب رہا ہے اور اس سے اچھی تعداد میں پھل بھی حاصل کیا گیا۔اس کی کاشت ابھی تک تجارتی سطح پر شروع نہیں ہوسکی ہے اس ہی لئے بہت کم پاکستانیوں کو ہی اس کے کھٹے میٹھے مزے کا اندازہ ہے۔ اس پھل کا پودہ شاید ہی کسی نرسری پر دستیاب ہواس لئے لوگ ایک دوسرے کے گھروں سے ہی پودا لے کر کاشت کر رہے ہیں۔کمکاٹ سے پہلے پاکستان میں ایووکاڈو اور کیوی جیسے غیر ملکی پھلوں کی کامیاب کاشت ہوچکی ہے۔باغبانی کے ماہرین کہتے ہیں کہ کمکاٹ اور دیگر غیر ملکی پھلوں کی کاشت کو اگر فروغ دیا جائے تو درآمدی بل میں کمی کے ساتھ ساتھ برآمدات کو بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔