ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے ہندو انتہا پسندوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب کرنا ہے تو تعلیمی اداروں سے باہر کریں۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے کہا کہ ‘سکول تعلیم کیلئے ہیں
اور وہاں مذہبی معاملات کو نہیں لے جانا چاہیے’۔ ہیما مالنی نے کہا کہ ‘ہر سکول میں یونیفارم ہوتا ہے جس کا احترام کیا جانا چاہیے، آپ جو چاہیں اسکول کے باہر پہن سکتے ہیں، حجاب کرنا ہے تو تعلیمی اداروں کے باہر کرسکتے ہیں۔’ بالی ووڈ اداکارہ کے بیان پر مسلم سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ حجاب کوئی فیشن نہیں ہے، یہ دینِ اسلام کا ایک حصہ ہے اور مسلمانوں کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ ہے لہٰذا تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی عائد کرنا مسلمانوں کے ساتھ دشمنی نکالنے کے برابر ہے۔